چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین نے مولانا فضل الرحمان سے ایسی کوئی بات نہیں کی کہ آئینی ترمیم منظور کرنا مجبوری ہے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری دیگر تجاویز کے بجائے آئینی عدالتوں سے متعلق صرف اپنے ڈرافٹ کے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں خود ہفتے کو مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات میں شریک تھا، سینیٹر کامران مرتضیٰ کو یقیناً کوئی غلط فہمی ہوئی۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے آئینی عدالتوں کے قیام سے متعلق گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان مجوزہ آئینی ترمیم کے بیشتر نکات کے حوالے سے ایک پیج پر ہیں۔