• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر بی جے پی تلملا گئی


وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر بھارتی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) تلملا گئی، کانگریس کو بھارت مخالف قوتوں کا ساتھی قرار دے دیا۔

مودی سرکار کے یونین منسٹر امیت شاہ نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ بھارت مخالف قوتوں کے دستانے میں رہی ہے، سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت مانگنے کا معاملہ ہو یا بھارتی فوج کے خلاف باتیں، راہول گاندھی اور پاکستان کا لہجہ ہمیشہ ایک سا رہا ہے۔

امیت شاہ نے کہا کہ کشمیر میں آرٹیکل 370 یا دہشت گردی دوبارہ نہیں آئے گی۔

 بی جے پی کے عہدیدار امیت مالویا  نے کہا کہ راہول گاندھی اور ان کی جماعت ہمیشہ بھارت مخالف بیانیے کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں کہا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 اور 35 اے بحال کرنے پر پاکستان اور نیشنل کانفرنس کانگریس اتحاد ایک پیج پر ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا تھا کہ مقبوضہ کمشیر کے انتخابات میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس کا اتحاد جیت سکتا ہے انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس اپنے وعدے کے مطابق 370 اور 35-اے بحال کرسکتے ہیں۔

مودی نے اس پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس اور نیشنل کانفرنس پر پاکستانی ایجنڈا لاگو کروانے کا الزام لگایا ہے۔

یاد رہے کہ آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کر کے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے بڑی تعداد میں غیر مقامی افراد کو مقبوضہ وادی میں لا کر بسایا، اور مقامی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کی ہے۔

قومی خبریں سے مزید