لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف کا جلسہ رکوانے کی الگ درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔
پاکستان تحریکِ انصاف کا لاہور میں جلسہ رکوانے کی درخواست ایڈووکیٹ ندیم سرور نے دائر کی تھی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آپ متاثرہ فریق نہیں ہیں۔
بعد ازاں 3 رکنی فل بینچ نے جلسہ رکوانے کی درخواست خارج کر دی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا لاہور میں جلسہ روکنے کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔
مرزا واحد رفیق نے ایڈووکیٹ ندیم سرور کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں ڈپٹی کمشنر لاہور، پی ٹی آئی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ پی ٹی آئی لاہور میں جلسے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں متعدد درخواستیں دائر کر چکی ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور دہشت گردی کے پیشِ نظر جلسے کی اجازت نہیں دے رہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ پی ٹی آئی کو پنجاب بھر میں کہیں پر بھی جلسہ کرنے سے روکا جائے۔