حکومتِ پاکستان کی جانب سے افغانستان کے شہریوں کے لیے پاکستان کے وزٹ ویزے بند ہونے کی وجہ سے افغانیوں کی بڑی تعداد نے جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس کی بنیاد پر علاج کے بہانے پاکستان آنا شروع کر دیا۔
پاکستان سے امریکا اور جاپان جانے کی کوشش میں 3 دن میں 9 افغان شہریوں کو ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق پاکستان کے وزٹ ویزے بند ہونے کی وجہ سے افغان شہریوں کی بڑی تعداد علاج کے بہانے پاکستان کے ویزے حاصل کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسے افغان شہری کابل سے اسلام آباد آتے ہیں، پھر وہ اسلام آباد، لاہور یا کراچی کے مختلف سفارت خانوں یا قونصلیٹ سے مختلف ممالک کے ویزے حاصل کرتے ہیں اور پھر پاکستان سے ان ممالک کا سفر کرتے ہیں۔
امیگریشن حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ 3 دن کے دوران ایسے 9 افغان شہریوں کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر امیگریشن کے عملے نے گرفتار کیا ہے، ان کے خلاف ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل میں 3 مقدمات نمبر 205/2024، 207/2024 اور 213/2024 درج کیے گئے ہیں، عدالتی احکامات پر انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ایسے افغانی شہریوں کے ویزے تو درست ظاہر ہوئے ہیں مگر ان کا پاکستان میں جعل سازی کر کے داخل ہونا اور اپنے مقاصد حاصل کرنا جرم ہے۔