کراچی( اسٹاف رپورٹر )ایف آئی اے نے کراچی ائیرپورٹ پر جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والا افغان مسافر سمیت2ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ مسافروں کی شناخت بشیر احمد اور اختر حسین کے نام سے ہوئی ہے۔بشیر احمد کا تعلق افغانستان سے ہے۔ مسافر نے جعلی دستاویزات پر فلائٹ نمبر PC-131 کے ذریعے جرمنی سفر کرنے کی کوشش کی ۔امیگریشن کلیریئنس کے دوران ملزم کی دستاویزات کو مشکوک پایا گیا ۔مشکوک معلوم ہونے پر پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات کو سیکنڈ لائن آفس کے فرانزک پراسیس سے گزارا گیا ۔مذکورہ مسافر میڈیکل ویزہ کی آڑ میں چمن بارڈر کے ذریعے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔مسافر میڈیکل ٹریٹمنٹ اور اسپتال کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکا ۔مسافر نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں ویزہ کی کڑی چھان بین کی وجہ سے اس نے میڈیکل کی بنیاد پر پاکستانی ویزہ حاصل کیا اور ویزہ کے حصول کے لیے اس نے جعلی دستاویزات استعمال کیں۔مسافر پاکستان میں موجود کسی بھی اسپتال میں علاج کی غرض سے نہیں گیا تھا اس نے اس مقصد کے لیے عبداللہ عزیز نامی ایجنٹ سے 1500افغانی کے عوض جعلی دستاویزات حاصل کیں ۔مسافر کو گرفتار کر کے مزید قانونی کاروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے ۔ایک اور کارروائی میں عراق سے آنے والا مسافر گرفتار کر لیا گیا مسافر اختر حسین پاکستانی پاسپورٹ پر فلائٹ نمبر IA431 کے ذریعے عراق سے پاکستان پہنچا تھا ۔امیگریشن کلیریئنس کے دوران مسافر کے دستاویزات کو مشکوک پایا گیا ۔مسافر کے پاسپورٹ پر موجود عراقی ویزہ جعلی تھا اور پاسپورٹ پر موجود سیکیورٹی خصوصیات موجود نہیں تھیں ۔ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر نے چکوال میں قیصر نامی ایجنٹ سے 2لاکھ روپے کے عوض جعلی دستاویزات حاصل کیں ۔مسافر کا تعلق ضلع اٹک سے ہے ۔مسافر کو مزید قانونی کاروائی کے لیے انسداد انسانی سمگلنگ کراچی منتقل کر دیا گیا ہے ۔