• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیسن گلیسپی سلیکٹرز کے ساتھ مل کر ٹیم کو حتمی شکل دیں گے

کولاج فوٹو: فائل
کولاج فوٹو: فائل

پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کےلیے پاکستانی اسکواڈ پر مشاورت آئندہ ہفتے کے دوران ہوگی۔ ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی سلیکٹرز کے ساتھ مل کر ٹیم کو حتمی شکل دیں گے۔

ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کل لاہور پہنچ رہے ہیں جبکہ وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن پہلے ہی پاکستان میں موجود ہیں اور فیصل آباد میں چیمپئینز ون ڈے کپ مانیٹر کر رہے ہیں۔

دونوں فارمیٹ کے کوچ 23 ستمبر کو کنیکشن کیمپ میں شریک ہوں گے۔ 

جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن بھی مستقبل کی منصوبہ بندی کےلیے ملاقات کریں گے۔ جیسن گلیسپی سلیکٹرز سے مل کر ٹیسٹ اسکواڈ کو حتمی شکل دیں گے۔ 

ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کو تبدیل کرنے کا امکان ظاہر نہیں کیا جارہا۔ دوسری جانب وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کی پاکستان موجودگی کے دوران پاکستان وائٹ بال ٹیم پر مشاورت ہوگی۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے اختتام کے اگلے روز پاکستان وائٹ بال ٹیم نے آسٹریلیا روانہ ہونا ہے جہاں قومی ٹیم کو 4 سے 18 نومبر تک تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنا ہے۔

 دورہ آسٹریلیا کے بعد پاکستان ٹیم نے زمبابوے اور جنوبی افریقہ کا دورہ کرنا ہے۔

پروگرام کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم 2 اکتوبر کو ملتان پہنچے گی۔ مہمان ٹیم ایک روز آرام کے بعد ملتان اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی جبکہ پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے اراکین بھی دو اکتوبر کو ملتان میں رپورٹ کریں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید