غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں والد کی شہادت کے بعد 3 معصوم بچے بھی شہید ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز فجر کے وقت غزہ میں ایک گھر پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں 5 سالہ شیما، 7 سالہ ایلن اور 10 سالہ ہانی اپنی والدہ، دادی اور دادا کے ساتھ شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق ان تین بچوں کے والد چند ماہ قبل نابلس میں شہید ہوگئے تھے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے غزہ میں حملے جاری ہیں، سینٹرل، شمالی اور جنوبی غزہ میں کل صبح سے جاری اسرائیلی بمباری سے کم از کم 72 فلسطینی شہید ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے مغربی کنارے کے شہروں ہیبرون اور جنین میں چھاپا مار کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں کم از کم 119 افراد شہید اور 209 زخمی ہو چکے ہیں۔
7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 41,391 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 95,760 سے زیادہ افراد زخمی ہو چکے ہیں۔