چیمپئنز کپ میں شریک ٹیم ڈولفنز کے نوجوان بیٹر محمد ہریرہ کا کہنا ہے کہ ان کی خواہش ہے وہ ہر فارمیٹ میں کامیاب بیٹر بنیں اور اس مقصد کے حصول کےلیے وہ مسلسل محنت کر رہے ہیں۔
جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں محمد ہریرہ نے بتایا کہ وہ ریڈ بال کرکٹ میں زیادہ کھیل چکے ہیں اور اسکا اچھا تجربہ ہے لیکن وائٹ بال میں ابھی زیادہ موقع نہیں ملا، کوشش ہے کہ وہ وائٹ بال کرکٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔
محمد ہریرہ نے کہا کہ وہ اپنے ہدف کو حاصل کرنے کےلیے آف سیزن میں بھی انتھک محنت کرتے ہیں اور غیر روایتی شاٹس کے ساتھ ساتھ نئے شاٹس کی پریکٹس کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ امید رکھتے ہیں آنے والے میچز میں ان کی محنت کا پھل ملے گا اور وہ اپنی بیٹنگ میں ان شاٹس کا کامیابی سے استعمال کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا فوکس ہمیشہ اپنے گیم کو بہتر کرنے پر ہوتا ہے اور وہ اس بارے میں نہیں سوچتے کہ انہیں کب موقع ملے گا۔
محمد ہریرہ کے مطابق وہ اپنے کنٹرول میں نہ آنے والی چیزوں کی فکر نہیں کرتے، بلکہ اپنی کارکردگی پر مرکوز رہتے ہیں کیوں کہ اگر ان چیزوں کا سوچا کہ جو اپنے ہاتھ میں نہیں تو توانائی کا ٹھیک استعمال نہیں ہوسکتا۔
نوجوان بیٹر نے مزید کہا کہ چیمپئنز کپ میں ان کی ٹیم میں تسلسل کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے، کیونکہ ٹیم میچ کے کچھ حصوں میں اچھا کھیل پیش کرتی ہے اور بعض حصوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے فارمیٹ میں مکمل کارکردگی کا مظاہرہ ضروری ہوتا ہے اور ٹیم کو بطور بولنگ اور بیٹنگ گروپ دونوں شعبوں میں بہتر کھیلنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم آخری میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ پریکٹس سیشنز کے دوران تمام ممکنہ سیناریو پر تبادلہ خیال ہو چکا ہے۔ ان کی پوری کوشش ہوگی کہ آخری میچ تمام بونس پوائنٹس کے ساتھ جیت کر اپنی پوزیشن کو مستحکم کریں۔