وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دورۂ اقوام متحدہ کی مصروفیات کا شیڈول سامنے آگیا۔
ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم 23 سے27 ستمبر نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سیشن میں شرکت کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب میں پاکستان کی کثیرالجہتی حمایت کا اعادہ کریں گے، عالمی امن، سلامتی اور فلاح و بہبود میں اقوام متحدہ کے کردار کی حمایت کریں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر مسئلہ فلسطین، مسئلہ کشمیر کی اہمیت اور بین الاقوامی اقتصادی تعلقات میں ناانصافیاں دور کرنے کی ضروروت پر زور دیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیں گے اور عالمی برادری سے آب و ہوا کی تبدیلی کے مسائل کے خلاف فوری اقدامات کی اپیل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عالمی برادری سے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف فوری اقدامات کرنے کی اپیل کریں گے، وہ جنرل اسمبلی سیشن کے ضمن میں کئی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ’سمندرکی سطح میں اضافے کے خطرے پر اجلاس‘ بھی شامل ہے، وزیرِ اعظم عالمی رہنماؤں کے ساتھ پائیدار ترقی کے ایجنڈے کی معاونت کے اقدامات پر بات کریں گے۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم کا پروگرام یو این سیکریٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقاتوں پر مشتمل ہے، وہ ترقی کے ایجنڈے میں لوگوں کو مرکزی حیثیت دینے پر زور دیں گے۔