وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر کہا ہے کہ انتشاری سیاست مسترد کر کے عوام نے معاشی پالیسیوں میں بہتری کو ترجیح دی ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ عوام مہنگائی میں کمی، اپنے مسائل کا حل اور معاشی بہتری چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جلسوں کےلیے میدان بھرنے کی کوشش کی بجائے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ جلسے 2028 میں کریں گے، ابھی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کےلیے محنت کرنے کا وقت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی بحالی سیاسی استحکام سے جڑی ہے۔ سیاسی انتشار کا مطلب عوام کو ریلیف دینے کے عمل کو متاثر کرنا ہے۔ عوام نے سیاسی استحکام کی مضبوطی میں کردار ادا کر کے معاشی ترقی کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کےلیے قوم کا اتحاد پاکستان کے روشن معاشی مستقبل اور مہنگائی سے نجات کی ضمانت ہوگا۔ معاشی چیلنج، دہشت گردی سے نمٹنے کےلیے قوم، سیاسی جماعتوں، اداروں اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی افراتفری میں قوم اور ملک کا بہت وقت ضائع ہوچکا ہے، مزید وقت ضائع کرنا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ وفاق تمام صوبوں کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل، مہنگائی میں کمی اور مساوی ترقی کےلیے بھرپور ساتھ دینے کی پالیسی پر کاربند رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں واپس آئی ہے، معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ برآمدات میں اضافہ، روپے کا مستحکم ہونا، ترسیلات میں اضافہ اور شرح سود کا کم ہونا، یہ سب معاشی ترقی کے واضح ثبوت ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب کا اصل ہدف یہ ہونا چاہیے کہ یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو، یہ ہوگی اصل کامیابی۔ گالی، گولی، انتشار اور فساد سے معیشت بہتر ہوگی نہ معاشرت۔ ہر صوبہ، ہر ادارہ عوام کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔