سپریم کورٹ میں آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔
سپریم کورٹ ججز کمیٹی کے اجلاس میں 63 اے نظر ثانی درخواستیں 30 ستمبر کو سماعت کےلیے مقرر کی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین خان شامل ہوں گے۔
درخواستوں پر سماعت کرنے والے بینچ میں جسٹس جمال مندو خیل، جسٹس مظہر عالم میاں خیل شامل ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آڈیو لیک کیس کے لیے بھی 5 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے، کیس کی سماعت کے بینچ کی سربراہی جسٹس منصور علی شاہ کریں گے۔
آڈیو لیک کیس میں جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان شامل ہوں گے، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس مسرت ہلالی بھی شامل ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق آڈیو لیک کیس آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیے جانے کا امکان ہے، جسٹس منیب اختر کو آڈیو لیک کیس میں ان کا ذکر ہونے پر بینچ میں شامل نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کا اکثریتی فیصلہ جسٹس منیب اختر نے تحریر کیا تھا جس کے مطابق پارٹی پالیسی کے خلاف رکن اسمبلی کا ووٹ شمار نہیں ہوگا، وہ نااہل بھی ہوجائے گا۔