انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اگلے چند روز میں پاکستان ٹیم کا اعلان متوقع ہے۔
پاکستان ٹیم ٹیسٹ سیریز کے لیے 2 اکتوبر کو ملتان میں رپورٹ کرے گی اور انگلینڈ کی ٹیم بھی 2 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 7 اکتوبر سے شروع ہو گا۔
ذرائع کے مطابق فاسٹ بولر خرم شہزاد فٹ ہیں اور وہ انگلینڈ کے خلاف سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے جبکہ فاسٹ بولر عامر جمال کو بھی سلیکشن کے لیے زیرِ غور لایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر جمال بھی فٹنس کا معیار حاصل کر چکے ہیں، انہوں نے چیمپئنز ون ڈے کپ کے بھی 2 میچز کھیلے تھے۔
پی سی بی کے ذرائع کے مطابق انگلینڈ سیریز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے خرم شہزاد کو چیمپئنز کپ نہیں کھلایا گیا، ان کی تمام میڈیکل رپورٹس کلیئر آئی ہیں۔
یاد رہے کہ عامر جمال فٹنس مسائل کی وجہ سے بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں حصہ نہیں لے سکے تھے، انہیں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے دوران انجری ہوئی تھی جبکہ خرم شہزاد کو بنگلا دیش کے خلاف دوسر ے ٹیسٹ میچ میں انجری ہوئی تھی۔