ویتنام میں ایک شخص نے اپنے چچا کی قبر کھود کر کھوپڑی اور ہڈیاں چوری کر لیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ملزم نے جوئے میں ہارے پیسوں کی ادائیگی کے لیے مردے کے خاندان سے 5 بلین ویتنامی ڈونگ (2 لاکھ 30 ہزار امریکی ڈالرز) وصول کرنے کی کوشش کی۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 9 ستمبر کو شمالی ویتنام کے تھانہوا صوبے سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ لو تھاننام نامی شخص نے بیلچے کی مدد سے اپنے چچا کی قبر 20 سینٹی میٹر تک کھود کر لاش کی کچھ باقیات کو نکال کر قریبی کوڑے کے ڈھیر میں چھپا دیا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق ملزم نے جس شخص کی قبر کھو دی تھی اس کی موت 4 سال پہلے ہوئی تھی۔
لاش کی باقیات چوری کرنے کے بعد ملزم نے مرنے والے شخص کی بیوی کو نامعلوم نمبر سے فون کر کے دھمکی آمیز میسج بھیجا، ہڈیوں کی واپسی کے لیے پیسوں کی ادائیگی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر پولیس سے رابطہ کیا تو وہ لاش کی باقیات کو کبھی بھی وصول نہیں کر پائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھمکی آمیز پیغام ملنے کے بعد خاتون نے قبر جا کر دیکھی تو تابوت میں سوراخ موجود تھا جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر حکام کو آگاہ کیا۔
تفتیش کے بعد 12 ستمبر کو ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جس نے جرم کا اعتراف کر کے اسے کرنے کی وجہ بھی بتا دی، پولیس نے چوری کی گئی ہڈیاں برآمد کر کے خاندان کو واپس کر دیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ویتنام میں روایات کے مطابق قبر کی بے حرمتی یا اسے نقصان پہنچانے کو بہت برا سمجھا جاتا ہے، خیال کیا جاتا ہے کہ یہ میت کی روح کے لیے بے چینی کا باعث بنتا ہے اور ممکنہ طور پر زندہ لوگوں پر یہ عمل اثر انداز ہوتا ہے۔