کراچی کے علاقے کورنگی میں بلال چورنگی کے قریب فائرنگ سے باپ جاں بحق اور بیٹا زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے عبدالمالک اور اس کا بیٹا کاشف زخمی ہوئے تھے، اسپتال منتقلی کے دوران عبدالمالک جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالمالک تولیہ فیکٹری میں ٹھیکیدار تھا، وہ اور اس کا بیٹا فیکٹری ملازمین کی تنخواہ کی رقم بینک سے نکلوا کر آ رہے تھے۔
ملزمان نے فیکٹری کے دروازے پر ہی باپ بیٹے کو نشانہ بنایا، واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ایس ایس پی کورنگی توحید رحمان کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا، جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول کی گولیوں کے 4 خول ملے ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا ہے کہ عینی شاہد کے مطابق لوٹ مار کے دوران ڈاکوؤں سے کچھ رقم گر گئی تھی جسے قریبی موجود افراد نے اٹھا لیا۔
ان کا کہنا ہے کہ عینی شاہد کے بیان سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، متاثرین سے کتنی رقم لوٹی گئی اس کی تصدیق زخمی کے بیان سے ہوگی۔