خیبر پختون خوا حکومت نے نگراں حکومت میں بھرتی ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اس حوالے سے صوبائی وزیرِ قانون آفتاب عالم کا کہنا ہے کہ قانون سازی کر کے نگراں حکومت میں بھرتی ہوئے ملازمین کو فارغ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین کے ڈیٹا سے متعلق مختلف محکموں نے بھی غلط بیانی سے کام لیا، بیورو کریسی نے پہلے 1800 ملازمین کا ڈیٹا دیا، دباؤ بڑھانے پر نگراں حکومت میں بھرتی 6 ہزار ملازمین کا بتایا ہے۔
آفتاب عالم کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت میں زیادہ بھرتیاں محکمۂ تعلیم اور صحت میں ہوئی ہیں، بھرتی ہونے والوں میں کلاس فور ملازمین بھی شامل ہیں۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ نگراں حکومت نے غیر قانونی اور غیر آئینی کام کیا ہے، آئین اور الیکشن ایکٹ کے تحت نگراں حکومت کو ملازمین کی بھرتی کا اختیار نہیں۔