سندھ ہائیکورٹ میں نادرا کی وراثت سرٹیفکیٹ اجرا کی فیس وصولی کے خلاف درخواست پر عدالت نے نادرا حکام کو وراثتی سرٹیفکیٹ اجرا کی فیس وصولی کی مشروط اجازت دی۔
ڈی جی نادرا لیگل نے عدالت میں حلف نامہ جمع کرا دیا۔ ڈائریکٹر جنرل لیگل نے کہا کہ نادرا وراثتی سرٹیفکیٹ مسترد ہونے پر مکمل فیس وصول نہیں کرے گا۔
انھوں نے کہا فیس اسٹرکچر کے ازسرِ نو جائزہ کےلیے کمیٹی بنائی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل لیگل نے مزید کہا کہ کمیٹی کی تشکیل اور سفارشات تک سرٹیفکیٹ مسترد ہونے پر فیس وصول کریں گے۔
عدالت عالیہ نے کہا وراثت کےلیے قانونی ورثا نادرا سمیت مختلف اداروں سے رجوع کرتے ہیں، نادرا کی کمیٹی 10 لاکھ روپے کی وراثت پر پینل فیس نہ عائد کرے۔
عدالت عالیہ نے مزید کہا کہ 10 لاکھ تک کی وراثت کیلئے 2 ہزار روپے سے زائد فیس نہ لی جائے۔ 10 لاکھ سے زائد کی وراثت پر مختلف کیٹیگریز بنائی جاسکتی ہیں۔
عدالت عالیہ نے کہا کہ ایک لاکھ روپے تک کی وراثت پر فیس ایک ہزار روپے وصول کیے جائیں۔ کمیٹی کی تشکیل اور سفارشات کا عمل دو ماہ میں مکمل کیا جائے۔
واضح رہے عدالت نے نادرا کو وراثتی سرٹیفکیٹ، لیٹر آف ایڈمنسٹریشن فیس وصولی پر حکم امتناع جاری کر رکھا تھا۔