وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عالمی یوم سیاحت پر اپنا خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ٹورازم ڈیولپمنٹ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر اُبھرے گا، سیاحت کے فروغ کے لیے وسائل بروئے کار لائیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے پائیدار اقدامات کیے جا رہے ہیں، سیاحت سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اُجاگر کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مری ڈیولپمنٹ پلان سے انفرااسٹرکچر کو جدید طرز پر اپ گریڈ کریں گے، مری میں گلاس ٹرین چلانے کے منصوبے پر بھی ابتدائی کام شروع ہو چکا ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ہائبرڈ ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کروانا پنجاب کے لیے اعزاز ہے۔