وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں معاشی اعشاریوں میں بہتری آئی ہے۔
وزیراعظم سے پاکستانی امریکن بینکرز کے وفد نے نیو یارک میں ملاقات کی۔ وفد میں جے پی مورگن سمیت ممتاز بینکوں کے نمائندے شامل تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کو معیشت کے استحکام اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے اقدامات، ٹیکس بیس کی وسعت، کاروبار میں سہولت اور سرکاری اداروں میں اصلاحات سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں معاشی اعشاریوں میں بہتری آئی ہے، فچ اور موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پائیدار مالیاتی فریم ورک بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں میں بانڈ کے اجراء میں معاون ثابت ہوگا۔
وفد نے ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔