بھارتی لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی نواسی نویا نویلی نندا نے کہا ہے کہ اپنے خاندانی پس منظر کے باوجود اپنے مقاصد پر توجہ رکھتی ہوں۔
نویا نویلی نندا نے انڈین انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) احمد آباد میں اپنے داخلے پر جاری ٹرولنگ پر خاموشی توڑ دی۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں لیجنڈ اداکار کی نواسی نے کہا کہ میرا خاندانی پسند منظر مضبوط ہے، اس کے باوجود خود کو بہتر بنانے کےلیے کوشاں ہوں۔
نویا نویلی نندا نے کہا کہ میری توجہ لوگوں کی منفی باتوں پر نہیں، بہتر نتائج اخذ کرنے کےلیے بہترین کام پر توجہ دیتی ہوں۔
مساوی بھارت کے موضوع پر گفتگو میں انہوں نے سوشل میڈیا ٹرولرز سے نبرد آزما ہونے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
نویا نویلی نندا نےکہا کہ سوشل میڈیا ایک بہتر پلیٹ فارم ہے، جس نے بہت سے لوگوں کو آواز اٹھانا سکھایا، اب بھی بہت سے لوگوں کی سوشل میڈیا تک رسائی نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فراہم کرنے والوں کا شکریہ، جن کی وجہ سے مواقع اور چیلنجز ایک ساتھ آئے ہیں۔
لیجنڈ اداکار کی نواسی نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے تبدیلی آگے بڑھ سکتی ہے، یہ ایک بہترین جگہ ہے جہاں آپ اپنا ٹیلنٹ دکھا سکتے ہیں، ضرورت صرف اس کے درست استعمال کا طریقہ جاننے کی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں خود کو آئی آئی ایم احمد کا حصہ بننے پر خوش قسمت سمجھتی ہوں، یہ میرے لیے ناقابل یقین بات ہے، میں دنیا کے بہترین پروفیسرز سے تعلیم حاصل کررہی ہوں۔