• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورین گلوکار جنگ کوک کے گھر میں گھسنے کی کوشش کرنے پر خاتون مداح گرفتار

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

عالمی شہرت یافتہ جنوبی کورین میوزک بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کے ممبر جنگ کوک کا پیچھا کرنے اور ان کے گھر میں گھسنے کی کوشش کرنے پر ایک 30 سالہ برازیلین خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

سیول کے یونگسان پولیس اسٹیشن نے 4 جنوری کو اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ برازیلین خاتون کو جنگ کوک کا پیچھا کرنے اور ان کے گھر میں گھسنے کی کوشش کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ 

کورین پولیس نے بتایا کہ خاتون مبینہ طور پر دوپہر 3 بجے کے قریب یونگسان میں گلوکار کی رہائش گاہ پر پہنچیں، ان کے گھر میں گھسنے کی کوشش کی اور بلڈنگ میں خط پھینک کر خلل پیدا کیا۔

کورین پولیس کے مطابق خاتون کو گزشتہ ماہ بھی جنگ کوک کی رہائش گاہ پر پہنچ کر اسی طرح کی حرکت کرنے کے لیے دو مرتبہ گرفتار کیا گیا تھا۔ 

ان واقعات کے بعد گلوکار کی ٹیم نے پولیس سے باقاعدہ حکم نامہ جاری کرنے کی درخواست کی جس کے بعد کورین پولیس اس معاملے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ کسی مداح نے بی ٹی ایس بینڈ کے کسی ممبر کے گھر میں گھسنے کی کوشش کی ہو بلکہ اس سے قبل 2023ء میں کورین پولیس نے اس بینڈ کے ممبر کم تاہیونگ المعروف ’وی‘ کا پیچھا کرنے پر بھی ایک لڑکی کو گرفتار کیا تھا۔

کورین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 20 سالہ لڑکی گلوکار کا پیچھا کرتے ہوئے ان کے ساتھ اپارٹمنٹ کی لفٹ میں داخل ہوئی اور اُنہیں میریج سرٹیفیکٹ تھما دیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید