پاکستانی میوزک انڈسٹری سے وابستہ معروف میوزیکل جوڑی اسٹرنگز 4 برس بعد ایک بار پھر اسٹیج پر ساتھ آگئی۔ اس لمحے کو گلوکار بلال مقصود نے انتہائی جذباتی اور یادگار قرار دے دیا۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گلوکار نے اپنی بیٹی کے نکاح سے ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
مذکورہ ویڈیو میں انہیں 4 برس کے طویل عرصے کے بعد اسٹرنگز کے گلوکار فیصل کپاڈیا کے ساتھ اسٹیج پر ’سر کیے‘ پرفارم کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ گزشتہ رات میری بیٹی کی شادی کی تقریب میں میراج دی بینڈ نے ’سر کیے‘ پیش کیا، گانے کے دوران انہوں نے مجھے اسٹیج پر بلا لیا۔ کچھ ہچکچاہٹ محسوس ہوئی، مگر میں اسٹیج پر چلا گیا اور پھر میں نے فیصل کپاڈیا کو بھی اپنے ساتھ شامل ہونے کی دعوت دی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ تقریباً 4 سال بعد ہم نے دوبارہ ایک ساتھ گانا گایا، یہ لمحہ یادوں، محبت اور شکرگزاری سے بھرپور اور بے حد جذباتی بن گیا۔
بلال مقصود نے فیصل کپاڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی نے خوشی کے اس موقع کو مزید خاص اور ناقابلِ فراموش بنا دیا۔
واضح رہے کہ بلال مقصود کی بیٹی زہرہ کا نکاح حال ہی میں ایک غیر ملکی شہری آرتھر کے ساتھ ہوا۔
سوشل میڈیا پر وائرل تقریب کی تصاویر میں دلہن کے غیر ملکی سسرالی رشتہ دار بھی نظر آئے۔ دلہن نے منٹ گرین روایتی لباس اور نفیس زیورات زیب تن کیے، جبکہ دولہا نے سفید کُرتا شلوار کے ساتھ آئیوری ویسٹ کوٹ پہن رکھا تھا۔
یہاں یہ بھی واضح رہے کہ مارچ 2021 میں پاکستانی راک بینڈ اسٹرنگز نے اپنے مداحوں کو اس وقت مایوس کر دیا تھا جب 33 سالہ طویل موسیقی سفر کے بعد بینڈ نے اختتام کا اعلان کیا تھا۔