• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاپتہ افراد کیس، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور طلب

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

پشاور ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد سے متعلق کیس میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور کو طلب کر لیا۔

پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس اشتیاق ابراہیم نے لاپتہ افراد سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کو آج ہی طلب کر لیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سی سی ٹی وی ویڈیو میں بھی صاف نظر آ رہا ہے، درخواست گزار کو ضمانت کے باوجود جیل کے سامنے سے اٹھایا گیا۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ وزیرِ اعلیٰ آج ہی عدالت میں پیش ہوں، میں بیٹھا ہوں، اس کیس میں وزیرِ اعلیٰ سے پوچھیں گے، کیس کا اب فیصلہ کریں گے، بہت ہو گیا۔

چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم کے حکم پر ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختون خوا عدالت میں پیش ہوئے۔

خیبر پختون خوا کے ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس کو ہم دیکھ رہے ہیں، وزیرِ اعلیٰ میٹنگز میں مصروف ہیں۔

چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ آپ کال کر کے پوچھ لیں، وقت ہو تو آج، نہیں تو جمعے کو پیش ہوں، آپ جیل کے گیٹ سے کسی کو گرفتار نہیں کر سکتے ہیں، ضمانت کے باوجود کیسے کسی کو گرفتار کرتے ہیں؟ ہم قانون پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

بعد ازاں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر عدالت میں شرکت کی۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ ضمانت منسوخی کے لیے سپریم کورٹ چلے جائیں، اس طرح بندوں کو اغوا نہ کریں،  یہ پہلا واقعہ نہیں، بار بار ایسا ہوتا رہا ہے، عدالتی احکامات پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے، فوکل پرسن دے دیں۔

اس وزیرِ اعلیٰ کے پی نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل کے ساتھ مل کر ہم قانون سازی کریں گے۔

ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ پبلک سیفٹی کمیشن کو ہم مؤثر کر رہے ہیں۔

 چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے کہا کہ ہم مجبوراً اب پولیس والوں کے خلاف کارروائیاں کریں گے، ڈیوٹی سب کی ہے لیکن قانون کے مطابق، سی ٹی ڈی، پولیس سب کو بیٹھا کر معاملے کو دیکھیں، ایڈووکیٹ جنرل جواب جمع کرائیں۔

قومی خبریں سے مزید