پاکستان عوام پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں کمزور ہیں، ملک آئین کے مطابق نہیں چل رہا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو دشمنی دور کرنی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ اندھیرے میں ہونے والی آئینی ترامیم ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ 35 سال مسلم لیگ ن میں ایک سوچ کے ساتھ تھا، میاں صاحب کے ساتھ پرانا تعلق ہے، ان کا احترام کرتا ہوں۔
سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ پنجاب اور وفاق میں جو ہو رہا ہے ان کے کھاتے میں جاتا ہے، ان کو خود دیکھنا چاہیے کہ جو ہو رہا ہے کیا ملک کے مفاد میں ہے؟
ان کا کہنا ہے کہ فاٹا انضمام کا فیصلہ نیک نیتی سے کیا تھا، اندازہ نہیں تھا کہ قبائلیوں کو حقوق سے محروم رکھا جائے گا۔
پاکستان عوام پارٹی کے سربراہ نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور اب وزیرِ اعلیٰ ہیں، ان کو بڑی احتیاط سے زبان استعمال کرنی چاہیے، وہ آئینی عہدیدار ہیں، وزیرِ اعلیٰ کی کچھ ذمے داریاں ہوتی ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب آپ وزیرِ اعظم بنتے ہیں تو آپ کو سمجھنا چاہیے کہ جیل جانا ٹریننگ کا حصہ ہے۔