• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلسوں میں بی آر ٹی بسیں تو ساتھ نہیں لے کر گیا: علی امین گنڈا پور

وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور---فائل فوٹو
وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور---فائل فوٹو 

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جلسوں میں سب وسائل اپنے استعمال کر رہے ہیں، بی آر ٹی بسیں تو نہیں ساتھ لے کر گیا۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ ہماری لیڈر شپ جیلوں میں ہے، قوانین میں ترمیم کریں گے، بہترین انصاف کے لیے قوانین بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو طاقت کا غلط استعمال کرنے نہیں دیں گے، جو لوگ قانون توڑیں گے، ان کو سزا ملےگی۔

وزیرِاعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ پبلک سیفٹی سے متعلق نظام لا رہے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ نگران دور میں پولیس کو غلط طریقے سے استعمال کیا گیا، پولیس خود بھی مانتی ہی کہ دباؤ ڈال کر ان سے وہ کام کرائے گئے جو وہ کرنا بھی نہیں چاہتے تھے، شہریوں کے تحفظ سے متعلق دو روز میں قوانین پیش کر رہے ہیں، خود کو جمہوری کہنے والے جب ایسی آئینی ترمیم کریں گے تو ان سے کیا امید کی جا سکتی ہے، حکومت ایسے اقدام کر رہی ہے جس سے اس نے ملک میں جمہوریت کو ختم کر دیا ہے۔

 وزیراعلی خیبر پختون خوا نے کہا کہ ہم پرامن احتجاج کریں گے، صوبے کے منتخب وزیر اعلیٰ کے راستے روکنے کے لیے کنٹینرز لگائے جا رہے ہیں، وہ کس کے وسائل ہیں؟ ایکٹ میں ترمیم لا رہے ہیں، جس میں اگر وزیر اعلی بھی غلط بات کرے تو پولیس اہلکار اس کو نہ مانے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ رکاوٹیں ڈال کر کہہ رہے تھے کہ راستے کھلے ہوئے ہیں، بلاول نے دھرنا دیا ہم نے روکا ؟ پی ڈی ایم نےدھرنا دیا ہم نے روکا؟ مولانا صاحب آپ نے بہت دیر کردی، کچھ اور بھی آپ کے دل میں راز ہیں وہ بھی بتا دیں، مولانا، آپ نے کہا تھا بانیٔ پی ٹی کی حکومت آپ نے گرائی، آج کہہ رہے ہیں امریکا نے گرائی ہے، آپ بھی اس کے آلہ کار بن گئے،میں شکریہ ادا کرتا ہوں کہ ضمیر جاگ گیا ہے اور باتیں بھی آپ کے پاس ہیں وہ بھی بتائیں، 

انہوں نے کہا کہ مولانا، آپ نے خود کہہ دیا کہ امریکا کے کہنے پر آپ نے بانیٔ پی ٹی آئی کی حکومت گرائی، مطلب بانی پی ٹی آئی ٹھیک تھا، سچ کہہ رہا تھا، سارے آلہ کار سامنے آگئے ہیں، جو امریکا کا غلام ہے وہ امریکا جائے۔

وزیراعلی خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور نے یہ بھی کہا کہ غیرجمہوری حکومت جلسہ کرنے نہیں دیتی، پنجاب پولیس کو دوبارہ وارننگ دیتا ہوں، ایسا دوبارہ ہوا تو جواب دیں گے، میڈیا کو دکھانے سے آپ زبردستی منع کرسکتے ہو، لوگوں کا منہ بند نہیں کر سکتے، مریم نواز کے والد جب سزا کے بعد بیرون ملک تھے تو وہ پنجاب میں جلسے کر رہی تھیں، خود جلسے کرو اور ہمیں منع کر رہے ہو۔

اس سے قبل گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیرِ اعلیٰ کے پی سے متعلق اپنے بیان میں کہا تھا کہ علی امین گنڈا پور کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہو چکا ہے۔

رحیم یار خان میں کارکنوں سے خطاب میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انہیں جلسے کے لیے پنجاب پہنچنا تھا لیکن وہ دو بار خیبر پختون خوا اور پنجاب کی سرحد سے واپس لوٹ گئے۔

انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی ایک طرف کہتے ہیں کہ فوج سے بات نہیں کرنی، دوسری طرف فوجی عدالتوں کا سامنا بھی نہیں کرنا چاہتے۔

گورنر خیبر پختون خوا نے کہا کہ اگر فوج سے بات کرنی ہے تو فوجی ٹرائل برداشت کرنا پڑے گا، اگر سیاست کرنی ہے تو سول کورٹ کی بات کرنی چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید