پاکستانی مزاحیہ گلوکار و یوٹیوبر چاہت فتح علی خان نے مایہ ناز اداکارہ بشریٰ انصاری کی تنقید کا جواب دے دیا۔
انہوں نے اداکارہ کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں لگتا ہے کہ میں ان کی جگہ لے رہا ہوں، لیکن ایسا نہیں ہے، میں تو بچپن سے انہیں دیکھتا آ رہا ہوں، اللّٰہ تعالیٰ انہیں خوش رکھے۔
حال ہی میں چاہت فتح علی خان نے ’جیو نیوز‘ کے صحافی مرتضیٰ علی شاہ کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنے اوپر ہونے والی تنقید کا کرارا جواب دیا۔
یوٹیوبر نے کہا کہ میں یہ سوچ کر حیران ہوتا ہوں، پہلے تو صرف بڑے بڑے گلوکار بولتے تھے، وہ کیوں بولتے تھے مجھے سمجھ نہیں آتی لیکن اب ہماری لیجنڈ بشریٰ باجی نے بھی بولنا شروع کر دیا ہے۔
مزاحیہ گلوکارہ چاہت فتح علی خان نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ میں جب بچہ تھا وہ کام کر رہی تھی، میں تو بچپن سے انہیں دیکھ رہا ہوں، بشریٰ باجی نے خود کامیڈی سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، وہ مزاحیہ فنکارہ تھیں، لوگوں کی نقل اُتارتیں (میمکری کرتی) تھی، بشریٰ باجی آپ کو یاد نہیں ہے؟
انہوں نے کہا کہ میں تو گانے گاتا اور لکھتا ہوں، میری وجۂ شہرت یہی ہے کہ میں گانے لکھتا ہوں، پھر اس کا میوزک ٹریک کرتا ہوں، جسے لوگ انجوائے کرتے ہیں۔
یوٹیوبر نے یہ بھی کہا کہ بشریٰ انصاری نے بہت مزاحیہ گانے گائے ہیں، وہ جب آئی تھیں تو مزاحیہ فنکارہ تھی، لیکن شاید انہیں لگ رہا ہے کہ میں ان کی جگہ لے رہا ہوں، لیکن ایسا نہیں ہے، اگر وہ چاہیں تو میں ان کے ساتھ بھی ایک گانا گانے کے لیے تیار ہوں۔
واضح رہے کہ بشریٰ انصاری نے چند دن قبل ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے چاہت فتح علی خان کی گلوکاری کو گانوں کا استحصال قرار دیا تھا۔
بشریٰ انصاری نے کہا تھا کہ انہیں لوگوں کی ذہنیت پر بھی افسوس ہوتا ہے کہ وہ کس طرح کی چیزوں کو وائرل کر دیتے ہیں، مجھے ذاتی طور پر گانوں کا استحصال اور گانوں پر ظلم برداشت نہیں۔