علیزہ انور، ڈھوک کالا خان، راول پنڈی
آج کل کے بچّے سبزیاں کھانے سے کتراتے ہیں اور اگر گھر میں اُن کی پسندیدہ ڈِش نہ بنی ہو، تو پھر باہر سے مختلف اقسام کے رولز، برگرز یا باربی کیو وغیرہ منگوانے پر مُصر ہو جاتے ہیں۔
یہ صورتِ حال والدین، بالخصوص اُن ماؤں کے لیے خاصی پریشان کُن ہوتی ہے کہ جو اپنے بچّوں کو صحت بخش خوراک فراہم کرنے کے ساتھ گھر کا بجٹ بھی کنٹرول میں رکھنے کی خواہاں ہیں۔ تو لیجیے، ہم اُن کی یہ مشکل دُور کیے دیتے ہیں۔
آج ہم بچّوں اور بڑوں دونوں کے پسندیدہ ’’فاسٹ فوڈ‘‘، مزے دار قیمہ رول، چکن چیز رول اور چکن برگر کی تراکیب پیش کر رہے ہیں، جنہیں گھر پر بھی بہ آسانی تیار کیا جا سکتا ہے۔
قیمہ رول
اجزا: چھے عدد پراٹھے (جو گھر میں گوندھے گئے میدے سے تیار کیے گئے ہوں)، کیچپ، پیاز ( گولائی میں باریک کٹی ہوئی)، بند گوبھی (باریک کٹی ہوئی) اور سیخ کباب حسبِ ضرورت۔
سیخ کباب کی ترکیب:
اجزا: قیمہ (مشین کا نکلا ہوا) آدھا کلو، کچّے پپیتے کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، ادرک، لہسن پیسٹ ایک ایک کھانے کا چمچ، سُرخ مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، گرم مسالا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، ثابت دھنیا (کُٹا ہوا) ایک کھانے کا چمچ، براؤن پیاز (کُٹی ہوئی) آدھا کپ، جائفل جاوتری پاؤڈر ایک چوتھائی چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، تیل ایک چوتھائی کپ۔
بنانے کا طریقہ: ایک پیالے میں قیمہ، کچّے پپیتے کا پیسٹ، ادرک ، لہسن پیسٹ دیگر تمام مسالے اور تیل ڈال کر اچّھی طرح مکس کریں اور اس آمیزے کو دو گھنٹے کے لیے ریفریجریٹر میں رکھ دیں۔ دو گھنٹے بعد آمیزے کو سیخوں پر لگا کر باربی کیو کر یں۔ ساتھ ساتھ اوپر سے برش کی مدد سے گھی لگاتے جائیں۔ دونوں طرف سے اچّھی طرح سُنہری ہونے پر سیخوں سے اُتار کر پلیٹ میں رکھ لیں۔
قیمہ رول بنانے کی ترکیب: سب سے پہلے پورے پراٹھے پر کیچپ لگائیں۔ دو سیخ کباب ٹکڑے ٹکڑے کر لیں اور پھر انہیں پراٹھے کے درمیان ایک ترتیب سے رکھ دیں۔ کباب پر کٹی ہوئی پیاز اور بند گوبھی ڈالیں اور پراٹھے کو رول کر لیں۔ لیجیے، مزے دار قیمہ رولز تیار ہیں۔
(نوٹ: اگر چاہیں، تو رولز میں مایونیز بھی ڈال سکتے ہیں)
چکن چیز رول
اجزا : چکن(بون لیس، چھوٹے ٹکڑوں میں کٹی ہوئی ) 250گرام، نمک آدھا چائے کا چمچ، ادرک ، لہسن کا پیسٹ آدھا آدھا چائے کا چمچ، پسی ہوئی لال مرچ تین چوتھائی چائے کا چمچ، سویا ساس، چلی ساس دو چائے کے چمچ،تیل دو کھانے کے چمچ، چیڈر چیز آدھا کپ، ہرا دھنیا چار کھانے کے چمچ، ہری مرچ تین عدد، پیاز (چھوٹے سائز کی، باریک کٹی ہوئی) ایک عدد، رول پٹّی حسبِ ضرورت، تیل (تلنے کے لیے)۔
ترکیب: دو کھانے کے چمچ تیل گرم کر کے اس میں پیاز، ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر فرائی کریں۔ پھر چکن ڈال کر اتنا بُھونیں کہ رنگ تبدیل ہو جائے۔ اس کے بعد نمک، لال مرچ، چلی ساس، سویا ساس ڈال کر مزید بُھونیں، آخر میں چیڈر چیز ڈال کر صرف اتنا پکائیں کہ چیز پگھل جائے۔ آمیزہ تھوڑا تھوڑا ٹھنڈا ہو جائے، تو باریک کٹا ہر ادھنیا اور باریک کٹی مرچیں بھی شامل کر دیں۔ اب یہ آمیزہ ضرورت کے مطابق رولز میں بَھر کے آئل میں فرائی کرلیں۔
چکن برگر
اجزا: چکن قیمہ آدھا کلو، پیاز (پسی ہوئی) ایک عدد، انڈا ایک عدد، نمک ایک چائے کا چمچ، کُٹی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچ، ووسٹر ساس ایک کھانے کا چمچ، سویا ساس، چلی ساس ایک ایک کھانے کا چمچ، کیچپ ایک کھانے کا چمچ، دھنیا (باریک کٹا ہوا)، برگر بن 4سے 6 عدد، اونین رِنگز(پیاز کے رِنگز)، سلاد کے پتّے حسبِ ضرورت۔
ترکیب: تمام اجزا کو چکن قیمے میں اچھی طرح مکس کر کے 30منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد برگر بن کے سائز کے کباب بنا کر تل لیں۔ برگر بن دونوں طرف سے سینک کر درمیان میں کباب پھر اونین رِنگز اور سلاد کا پتّا رکھیں۔ ذائقے دار چکن برگرز تیار ہیں۔ فرینچ فرائز اور کیچ اپ کے ساتھ سرو کریں۔
پیارا گھر…آپ کا اپنا گھر، اپنا صفحہ
ہمارا ہر دِل عزیز، مقبولِ عام صفحہ’’پیارا گھر‘‘ آپ سب کا اپنا گھر، اپنا صفحہ ہے، خصوصاً خواتین کا۔ لیکن ایک شکایت ہے، ہمیں مختلف موضوعات پر تو کافی تحریریں موصول ہوجاتی ہیں، لیکن کھانے پکانے کی تراکیب ذرا کم ہی بھیجی جارہی ہیں۔
جب کہ فرمایش سب سے زیادہ ان ہی کی ہوتی ہے۔ پھر ہم بھی چاہتے ہیں کہ آپ اپنے خاص کھانوں، اسنیکس اور دیگر ذائقے دار لوازمات کی تراکیب’’پیارا گھر‘‘ کے سب قارئین سے شیئر کریں۔ تو دیر کس بات کی، قلم اُٹھائیے اور فوراً سے پیش تر لذیذ، رنگا رنگ پکوانوں کی تراکیب ہمیں لکھ بھیجیے۔ ہمارا پتا ہے:
ایڈیٹر، سنڈے میگزین، صفحہ’’پیارا گھر‘‘
شعبہ میگزین، اخبار منزل، فرسٹ فلور، آئی آئی چندریگرروڈ، کراچی
ای میل: sundaymagazine@janggroup.com.pk
ناقابلِ اشاعت نگارشات اور ان کے تخلیق کار برائے ’’صفحۂ پیارا گھر‘‘
چولہا، ہانڈی ہی کرنا ہے (مبشّرہ خالد) بجلی نہ ہونے کے فوائد (ڈاکٹر افشاں طاہر، گلشنِ اقبال، کراچی) نوجوان اور مثبت سوچ (نثار احمد)۔