کراچی(نیوزڈیسک) امریکا میں سمندری طوفان ہیلن نے 5 ریاستوں فلوریڈا، جارجیا، ورجینیا، ساؤتھ اور نارتھ کیرولینا میں نظام زندگی کو درہم برہم کرکے رکھ دیا۔ 90سے زیادہ ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے،عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی 5ریاستوں میں سمندری طوفان ہیلن کی تیز ہواؤں نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ متاثرہ علاقوں کے اسکول اور دفاتر بند ہوگئے۔سمندری طوفان ہیلن کی تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی مسلسل بارش نے معمولات زندگی معطل کر کے رکھ دیے۔ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ پل تباہ ہوگئے اور لاکھوں صارفین بجلی سے محروم ہوگئے۔ان پانچوں ریاستوں کے متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی نظام بھی معطل ہو کر رہ گیا۔ مالی نقصان 100 ارب ڈالرز تک ہونے کا امکان ہے اور 90سے زیادہ ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔