کراچی (اسد ابن حسن) گزشتہ ماہ کے اوائل میں ایف ائی اے ڈائریکٹر لاہور سرفراز ورک کا فوری طور پر تبادلہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کر دیا گیا۔ ان کے تبادلے کے کچھ گھنٹوں بعد ان کی ٹیم جو اینٹی کرپشن سرکل میں تعینات تھی جس میں سرکل سربراہ، تین اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، تین انسپیکٹرز اور دیگر اہلکار شامل تھے ان کے بھی تبادلے کر دیے گئے۔ مگر اگلے دو دن بعد ان تمام تبادلہ شدہ اہلکاروں کو دوسرے سرکلز میں ڈائریکٹر لاہور نے تعینات کر دیا۔ کیونکہ انہوں نے نہ اس وقت چارج چھوڑا تھا نہ آج تک چارج چھوڑا ہے، نہ نوٹیفکیشن کینسل ہوا ہے اور نہ ہی کسی نئے افسر کی تعیناتی ہوئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق ڈائریکٹر سمیت تمام افسران کے تبادلے انٹیلیجنس بیورو کے ایک اعلی افسر کی رپورٹ جو وزیراعظم کو پیش کی گئی تھی اس کے بعد کیے گئے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق انہوں نے ایک تحقیقاتی کمیٹی بنا دی ہے۔ ڈائریکٹر سرفراز ورک، لاہور اور اسلام آباد کے تمام متعلقہ افسران سے بات ہوئی مگر سب نے اس موضوع پر کمنٹس کرنے سے انکار کر دیا ۔