• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمان ایک بار پھر سیاسی ملاقاتوں کا محور بن گئے


آئینی ترمیم پر راضی کرنے کےلیے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ایک بار پھر سیاسی ملاقاتوں کا محور بن گئے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی، رہنما پیپلز پارٹی نوید قمر اور سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے  مولانا فضل الرحمان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جس میں مجوزہ 26ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر مشاورت کی گئی۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ مولانا آئینی عدالت کے حق میں ہیں، پر چاہتے ہیں کہ کوئی چیز آئین سے متصادم نہ ہو، دو ہفتوں میں آئینی ترمیم پر معاملات واضح ہو جائیں گے۔ مولانا اگر پی ٹی آئی کو مطمئن کر لیتے ہیں تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں۔

 پی پی پی رہنما نوید قمر اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں مجوزہ 26ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر مشاورت کی گئی۔

 ذرائع کے مطابق دونوں جماعتیں مشترکہ مسودے کی تیاری کے قریب پہنچ گئی ہیں۔

محمد علی درانی اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتِ حال پر گفتگو کی گئی۔

 مولانا فضل الرحمان نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، ان کے بھائی خضر حیات ڈار کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

قومی خبریں سے مزید