لاہور میں نابینا افراد نے کلب چوک مل روڈ سے دھرنا باغ جناح منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت نے نابینا افراد سے مذاکرات کیے اور مطالبات منظور کرنے کی یقین دہائی کرائی۔
نابینا افراد نے حکومت کو مطالبات منظور کرنے کے لیے 2 دن کا وقت دیا ہے۔
مظاہرین نے کہا ہے کہ 2 دن تک باغِ جناح میں قیام کریں گے اور مطالبات نہ مانے گئے تو دوبارہ مال روڈ پر آئیں گے۔
اس سے قبل یکم اکتوبر کو وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نابینا افراد کے احتجاج کا نوٹس لیا تھا اور لاہور پولیس اور انتظامیہ کو ان مظاہرین پر کسی قسم کی سختی نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
واضح رہے کہ بصارت سے محروم افراد نے ملازمتوں کے کوٹے پر عمل درآمد کے لیے 11 دن سے دھرنا دیا ہوا ہے۔