کراچی میں رواں سال ڈکیتوں نے مزاحمت پر 100 افراد کی جان لے لی۔
رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر اب تک 800 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر 7 پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے ہیں۔
سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کے مطابق اس سال شہریوں سے اب تک 15 ہزار سے زائد موبائل فون چھینے جا چکے ہیں جبکہ رواں سال 35 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں چوری اور چھینی گئیں۔
سی پی ایل سی کے مطابق شہر سے رواں سال 12 سو کے قریب گاڑیاں چوری اور چھینی گئیں، علاوہ ازیں اب تک مختلف واقعات میں 471 افراد کو قتل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات بھی کراچی میں ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک نوجوان کو قتل کر دیا گیا تھا۔
سرجانی ٹاؤن میں تنخواہ لے کر گھر جانے والے 2 بھائیوں کو ملزمان نے اسلحے کے زور پر لوٹ لیا تھا جبکہ موٹر سائیکل نہ دینے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک بھائی کو قتل دوسرے کو زخمی کر دیا تھا۔