الیکشن کمیشن نے پنجاب میں 8 الیکشن ٹریبونل بنا دیے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق الیکشن ٹریبونلز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی مشاورت سے قائم کیے گئے ہیں، لاہور پرنسپل سیٹ پر جسٹس سلطان تنویر احمد الیکشن ٹریبونل کے جج ہوں گے۔
لاہور پرنسپل سیٹ پر جسٹس (ر) رانا زاہد محمود الیکشن ٹریبونل کے جج ہوں گے، جسٹس محمد اقبال چوہدری، جسٹس انور حسین بھی پرنسپل سیٹ پر الیکشن ٹریبونل کے جج ہوں گے۔
جسٹس (ر) محمود مقبول باجوہ بھی لاہور کی پرنسپل سیٹ پر الیکشن ٹریبونل کےجج ہوں گے، الیکشن ٹربیونل بینچ ملتان کے جج جسٹس سردار سرفراز ڈوگر ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن ٹربیونل بینچ بہاولپور کے جج جسٹس (ر) ظفر اقبال ہوں گے، الیکشن ٹربیونل راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس (ر) شکور پراچہ ہوں گے۔
الیکشن ٹریبونلز عام اور ضمنی انتخابات کی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی درخواستیں نمٹائیں گے۔