وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ انہیں پنجاب اور پنجاب کے عوام کی حفاظت کرنا اچھی طرح آتا ہے، آپ سرکاری ملازمین کا جلوس لا کر پنجاب پر حملہ آور ہوتے ہیں۔
لاہور میں ہمت کارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ذہنی مفلوج یہی لوگ ہیں جو نہ خود کام کرتے ہیں نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کیا وجہ ہے جب ملک ترقی کرتا ہے وہ مسلم لیگ کا دور ہوتا ہے، آج سے 65 ہزار خصوصی افراد کو ہمت کارڈ ملنا شروع ہو جائے گا، ہمت کارڈ پروگرام 2 ارب 60 کروڑ روپے کا ہے، ہمت کارڈ میں 3 ماہ کے ساڑھے 10ہزار روپے ملیں گے، جس خصوصی فرد کا نام ہمت کارڈ میں نہیں وہ وزیر اعلیٰ کو لکھے، وہیل چیئر، مصنوعی اعضاء کی ضرورت ہے تو مجھے لکھیں، خصوصی افراد کو آلہ سماعت، وہیل چیئر اور مصنوعی اعضاء گھر پر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 15 اکتوبر سے ہمت کارڈ ٹریول کارڈ بھی بنے گا، میٹرو بس میں کارڈ دکھا کر مفت سفر کی اجازت ہوگی، جب مستحق کی داد رسی ہوتی ہے تو وہ مسلم لیگ کا دور ہوتا ہے، معیشت ترقی کرتی ہے تو وہ مسلم لیگ ن کا دور ہوتا ہے، جب مہنگائی تیزی سے نیچے جاتی ہے تو وہ ن لیگ کا دور ہوتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ چار پانچ سال کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی 38 فیصد تھی، آج مہنگائی 38 فیصد سے 6.9 فیصد پر آگئی ہے، 25 روپے روٹی کی قیمت تھی، آج 12، 13 روپے ہے، صبح اٹھ کر آٹا، روٹی، ٹماٹر کے ریٹ چیک کرتی ہوں، خیبر پختونخوا میں روٹی 25 روپے کی ہوگئی ہے، میرا دل پختونخوا کے عوام کیلئے بھی دھڑکتا ہے، میں پہلے پاکستانی ہوں پنجابی بعد میں ہوں۔