• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد کے 3 حلقے، ٹریبونل کی منتقلی: الیکشن کمیشن کی اونچا بولنے پر شعیب شاہین کے وکیل کو وارننگ

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے 3 حلقوں کی الیکشن ٹریبونل منتقلی کے کیس کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

ممبر نثار درانی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

ن لیگ کے رہنما انجم عقیل، طارق فضل چوہدری، خرم نواز اور شعیب شاہین کے معاون وکیل کمیشن کے سامنے پیش ہوئے، جبکہ علی بخاری اور عامر مغل کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا۔

شعیب شاہین کے معاون وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ 6 کلو میٹر چل کر آیا ہوں، ہر طرف رکاوٹ ہے، 13 جگہ تلاشی لی گئی۔

ن لیگی رہنما انجم عقیل کے وکیل نے کہا کہ آج عامر مغل نے ہماری ضمنی درخواست پر جواب جمع کرانا تھا وہ نہیں آئے، جبکہ طارق فضل چوہدری کے وکیل نے کہا کہ ہم نے ضمنی درخواست دی تھی، آج جوابدہ نے اس پر جواب جمع کرانا تھا۔

شعیب شاہین کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ باہر کرفیو کا سماں ہے، اندر کوئی آ نہیں سکتا، ایسے میں شعیب شاہین کیسے آ سکتے ہیں؟

خرم نواز کے وکیل نے کہا کہ ہم تو پیش ہوئے ہیں، ہم نے تو نہیں کہا کہ باہر کرفیو کا سماں ہے، ہم بھی تکلیف برداشت کر کے آئے ہیں۔

ممبر کمیشن نے کہا کہ شعیب شاہین نے جواب جمع کرانا تھا اور اس کی کاپی درخواست گزاروں کو دینی تھی۔

شعیب شاہین کے معاون وکیل نے کمیشن کے سامنے اونچی آواز میں کہا کہ اگلی سماعت سے پہلے جواب جمع کرا دیں گے۔

ممبر کمیشن نے کہا کہ اگر آپ نے اگلی سماعت پر جواب جمع نہیں کرایا تو آپ کا یہ حق ختم کر دیں گے، آپ کبھی ایک وکیل کو تو کبھی دوسرے وکیل کو لاتے ہیں۔

شعیب شاہین کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا شعیب شاہین کے ساتھ 13 وکیل آتے ہیں، گزشتہ بار کسی کی حاضری نہیں لگائی، آپ اپنے اسٹاف کو کہیں ہماری حاضری لگائیں۔

ممبر کمیشن نے شعیب شاہین کے معاون وکیل کو انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ دھیمی آواز میں بولیں، ایک ہی وکیل کی حاضری لگتی ہے سب کی نہیں لگتی، حاضری لگانے کا یہ مقصد نہیں کہ آپ کو دیہاڑی ملے گی۔

ممبر کمیشن نے انہیں ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بولنے کا انداز اور تقدس ہوتا ہے، آپ یہاں خود کو بطور پارٹی ورکر نہیں بلکہ بطور وکیل پیش کریں، آپ رویہ بہتر کریں ورنہ آگے آپ کو بہت مشکل ہو گی۔

قومی خبریں سے مزید