پاکستان ریڈ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ میرا پاکستان ٹیم کے ساتھ کوچنگ کا بڑا ٹف آغاز رہا ہے۔
برطانوی میڈیا سے گفتگو میں جیسن گلیسپی نےکہا ہے کہ کچھ عرصے سے پاکستان کی ٹیم اچھا نہیں کھیل رہی، میرا پاکستان ٹیم کے ساتھ کوچنگ کا بڑا ٹف آغاز رہا۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کچھ شک نہیں ہے کہ یہ ایک چیلنج ہے مگر میں پھر بھی پرجوش ہوں، انگلینڈ ٹیم جس طرح کھیلتی ہے، اس میں بعض اوقات وہ غلط بھی ثابت ہوتے ہیں۔
ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ہماری بڑی اچھی گفتگو ہوتی ہے، پاکستان کی کوچنگ کرنے کے فیصلے سے پہلے میں بہت محتاط تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم سب کو مل بیٹھ کر بات چیت کرنا ہے اور معاملات آگے بڑھانے ہیں، یہ ٹیم گیم ہے اور ہمیں ٹیم کی حیثیت سے ہی چیزیں آگے بڑھانی ہیں۔
جیسن گلیسپی نے یہ بھی کہا کہ یہ بڑی اچھی بات ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم 3 ٹیسٹ میچز کے لئے پاکستان آئی ہے، یہ ٹیسٹ کرکٹ کے لئے اچھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بڑے کوالٹی پلیئر ز ہیں، ہمیں ان پر یقین اور اعتماد کرنا ہے، پاکستان میں کرکٹ کو بہت اہم سمجھا جاتا ہے اور مجھے اس بات کا اندازہ ہورہا ہے۔
ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم اچھی کرکٹ کھیلے گی مگر ہمیں بھی ڈسپلن کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔