انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کمنٹیٹر ناصر حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی کارکردگی میں ہمیشہ سے تسلسل دکھائی نہیں دیتا لیکن اس وقت تو اپنی کم ترین سطح پر ہے۔
ایک بیان میں ناصر حسین نے کہا کہ پاکستان ٹیم موجودہ دور میں اچھا پرفارم نہیں کر رہی لیکن یہ کہنا حماقت ہوگی کہ انگلینڈ پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں آسانی سے ہرا دے گا۔
انگلش ٹیم کے سابق کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان بہترین کرکٹ نیشن ہے، وہاں کرکٹ کا جنون ہے، فینز بھی ٹیم کو ہمیشہ اوپر دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی ٹیم کے نئے کپتان اور نئے کوچ ہیں، سب کی نظریں پاکستان پر ہوں گی کہ وہ کس طرح اپنی ٹیم کو اٹھاتے ہیں۔
ناصر حسین کا کہنا تھا کہ آخری بار جب انگلینڈ نے پاکستان کا دورہ کیا تو کراچی ٹیسٹ میں انگلینڈ پوری طرح حاوی تھی، اس وقت تک بہت کم ٹیمیں ایسی تھی، جو پاکستان جائیں اور اس طرح کامیابی حاصل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کے بعد سے اب تک پاکستان نے اپنے ملک میں9 ٹیسٹ کھیلے ہیں، صرف 2 جیت سکی ہے اور 5 ٹیسٹ ہار چکی ہے۔
انگلش ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی کارکردگی میں ہمیشہ سے تسلسل دکھائی نہیں دیتا لیکن اس وقت تو اپنی کم ترین سطح پر ہے، چاہے آپ کسی بھی فارمیٹ کی بات کریں نہ ان کا ورلڈ کپ اچھا گزرا۔
انہوں نے کہا کہ اب کپتان شان مسعود اور کوچ جیسن گلیسپی کی کامبی نیشن ہے، ان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم گزشتہ 8 ٹیسٹ میچوں سے نصف سنچری بھی نہ بناسکے، جنہوں نے حال ہی میں وائٹ بال کی کپتانی بھی چھوڑ دی، لیکن یہ کہنا حماقت ہوگی کہ آپ پاکستان کو ان کے ملک میں آسانی سے شکست دے دیں گے۔