پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیرِ خارجہ کو ہم کسی پارٹی یا تقریب میں شرکت کی دعوت نہیں دیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہم یقینی بنائیں گے 15 ،16 اکتوبر کو ایس سی او کانفرنس کا انعقاد ہو۔
اسلام آباد میں ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارا ایک دن کا احتجاج تھا، دھرنا نہیں تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ جس طریقے سے شیلنگ کی گئی اور گولیاں چلائی گئیں، یہ غیر جمہوری ہے، ڈی چوک کوئی ایسی مقدس جگہ تو نہیں جہاں کوئی قدم نہیں رکھ سکتا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم صرف آزاد عدلیہ کے لیے نکلے تھے، یہ بات درست ہے کہ ڈی چوک پر احتجاج میں نہ میں نکلا، نہ کوئی ایم این اے۔
انہوں نے بتایا کہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایم این ایز اور چیئرمین تحریکِ انصاف نہیں نکلیں گے، ہم ڈی چوک پر احتجاج کی پیچھے رہ کر حمایت کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نےکہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اجلاس کے پیشِ نظریہ فیصلہ کیا گیا، کیونکہ پہلے بھی ایم این ایز کو اٹھایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ جے شنکر سے متعلق بیرسٹر سیف کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا ہے، پی ٹی آئی کی بھارت سے متعلق پالیسی وہی ہے جو پاکستان کی پالیسی ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارتی وزیرِ خارجہ کو ہم کسی پارٹی یا تقریب میں شرکت کی دعوت نہیں دیں گے۔