پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے اپنے مرحوم شوہر، فلم ساز یحییٰ صدیقی کا آخری انٹرویو اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کر دیا۔
گزشتہ ماہ اداکارہ کے شوہر اور فلم ساز یحییٰ صدیقی 5 برس تک کینسر سے جنگ لڑنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔
اب حال ہی میں اداکارہ نے اپنے شوہر کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے ان سے کی گئی آخری گفتگو کو انٹرویو کی صورت میں اپنے یوٹیوب ینل پر شیئر کر دیا ہے۔
انہوں نے اپنے شوہر کا انٹرویو کرتے ہوئے ماضی، ان کی پسند و ناپسند سیت مختلف امور کے حوالے سے کئی سوالات پوچھے۔
ویڈیو میں شگفتہ اعجاز نے شوہر سے سوال کیا کہ آپ کی زندگی کا سب سے اچھا اور خوبصورت دور کون سا تھا؟ جس پر یحییٰ صدیقی نے بتایا کہ میں نے اللّٰہ تعالیٰ کے کرم سے بہترین زندگی گزاری ہے، اسی وجہ سے مجھے اپنی پوری زندگی ہی اچھی لگی۔
پھر انہوں پوچھا کہ اگر آپ کو دوبارہ زندگی ملی تو آپ کیا کریں گے؟ اس سوال کے جواب میں یحییٰ صدیقی نے کہا کہ میں اپنی دوسری زندگی میں بھی شگفتہ اعجاز کو ہی ڈھونڈوں گا، جس پر اداکارہ نے کہا کہ میں نے سنجیدہ سوال پوچھا ہے تو آپ بھی سنجیدہ جواب دیں، اس پر یحییٰ صدیقی نے کہا کہ یہ میرا سنجیدہ جواب ہی ہے۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مرحوم یحییٰ صدیقی کے آخری انٹرویو کے مختصر ویڈیو کلپس وائرل ہو رہے ہیں۔
وائرل کلپس کے کمنٹس میں صارفین تبصرہ کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کی دُعا کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ شگفتہ اعجاز نے یحییٰ صدیقی سے چند برس قبل شادی کی تھی، یہ ان دونوں کی دوسری شادی تھی۔
ان دونوں کے پہلی شادی سے دو دو بچے ہیں جبکہ ان دونوں کی دو بیٹیاں بھی ہیں۔