خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد کی سی سی ٹی وی ویڈیو سے متعلق صوبائی وزیر پختون یار کا بیان سامنے آگیا۔
صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی سی ٹی وی ویڈیو میں مجھے علی امین سے منسوب کیا جا رہا ہے۔
پختون یار نے کہا کہ ویڈیو میں کے پی ہاؤس اسلام آباد سے واپس جانے والے علی امین نہیں میں ہوں۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں علی امین گنڈاپور کو خیبر پختونخوا ہاؤس کے گیٹ سے داخل ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا ہاؤس میں کالی شلوار قمیص میں داخل ہوئے۔
علی امین گنڈاپور لباس تبدیل کر کے دوسرے رنگ کے کپڑوں میں خیبر پختونخوا ہاؤس سے روانہ ہوئے، وہ پولیس اہلکاروں کے ساتھ خیبر پختونخوا ہاؤس سے روانہ ہوئے۔
ویڈیو میں وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو حفاظتی اہلکاروں کے ہمراہ خیبر پختونخوا ہاؤس سے باہر جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کے پی ہاؤس میں موجود نہیں، وہاں سے بھاگ گئے تھے۔