سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میں نہیں تو ملک کو آگ لگادو کی سوچ قابل مذمت ہے۔
لاہور سے جاری بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ کانسٹیبل عبدالحمید کی شہادت کا ذمہ دار 9 مئی کا مجرم اور ایک فاشسٹ شخص ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نہیں تو ملک کو آگ لگادو کی قابل مذمت سوچ کسی پاکستانی کی نہیں ہوسکتی ہے۔
پنجاب کی سینئر وزیر نے مزید کہا کہ میں نہیں تو پاکستان پر ایٹم بم گرا دو کی سوچ پاکستان کی سوچ نہیں، میں نہیں تو ملک کو آگ لگادو، مار دو، سب کچھ جلادو کی سوچ قابل مذمت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو اسلحے اور آنسو گیس کے شیلز کے ساتھ اسلام آباد پر چڑھائی کےلیے بھیجا۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ گنڈاپور کو اسلحہ دے کر، آنسو گیس کے شیل، شیشے والی غلیلیں دے کر بھجوایا گیا تاکہ لاشیں گریں، خون خرابہ ہو اور گولیاں چلائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کل کا دن دراصل 9 مئی 2 تھا، کل کے احتجاج کا نشانہ جمہوری ادارے تھے۔ ایک مقصد شنگھائی تنظیم کانفرنس ملتوی کروانا بھی تھا۔
سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ ملک دشمن سازش کا حصہ بننے والے پاکستان اور قوم کے مجرم ہیں، گنڈاپور نے پولیس، رینجرز پر حملے کروائے، سر اور آنکھیں پھوڑیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فتنے کو معلوم ہے کہ معیشت پٹڑی پر آچکی اور اس کی فتنہ سیاست ختم ہو چکی، جو لوگ اس سازش کا حصہ بن رہے ہیں وہ پاکستان کے اور قوم کے مجرم ہیں۔