کوئٹہ(پ ر)جامعہ بلوچستان نے لسانیاتی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے تعاون سے 3 اور 4 اکتوبرکو دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ کانفرنس میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر معروف ماہرین لسانیات نے شرکت کی۔ کانفرنس میں پاکستان کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے ایک سو محققین نے اپنی تحقیق پیش کی۔ 55محققین نے اپنی تحقیق کو بذات خود پیش کیا جبکہ 45محققین نے ورچوئل طور پر اپنی تحقیق پیش کی۔افتتاحی اجلاس کا افتتاح مہمان خصوصی ڈاکٹر فیض محمد کاکڑ سابق وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، وائس چانسلر جامعہ بلوچستان ڈاکٹر منتظر مہدی، صدرایل اے پی اور ڈاکٹر نصیب اللہ سیماب، ڈین، فیکلٹی آف لٹریچر اینڈ لینگویجز نے کیا۔ انہوں نے ادب اور لسانیات کے میدان میں تحقیق کی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے اس طرح کی کانفرنسز کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مزید برآں، انہوں نے مقامی زبانوں کی اہمیت اور ان کے فروغ کے بارے میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں میں حافظ طاہر، سیکرٹری کالجز، ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن، پروفیسر ڈاکٹر ناہید حق، وائس چانسلر، سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی، اور ڈاکٹر شبیر احمد لہری وائس چانسلر بولان یونیورسٹی شامل تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ درانی نے کانفرنس کی اختتامی تقریب میں شرکت کی اور شرکاء میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ ICLAP کے شرکاء نے جامع لسانی پالیسی کی عدم موجودگی کو اجاگر کیا۔ وزیر تعلیم نے شرکاء کو صوبائی لسانی پالیسی کا مسودہ تیار کرنے کی ہدایت کی۔