ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای نے اسرائیل پر حملہ کرنے والے جنرل کو ایران کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نواز دیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق مسلح افواج کے کمانڈر انچیف آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای نے سپاہِ پاسدارانِ انقلاب اسلامی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادہ کو ایران کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز ’نشانِ فتح‘ سے نوازا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ’نشانِ فتح‘ کسی عسکری کامیابی پر دیا جانے والا ایران کا اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے کمانڈر جنرل حاجی زادہ کو ایک خصوصی تقریب میں تمغہ فتح پہنایا۔
سپاہِ پاسدارانِ انقلاب اسلامی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادہ کو یہ تمغہ آپریشن ’True Promise‘ یعنی سچا وعدہ کے تحت اسرائیل پر 200 سے زائد بیلسٹک میزائل سے حملے کرنے پر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ یہ تمغۂ فتحِ اسلام جنگجوؤں اور ان آپریشنز کے فاتحین کی فاتحانہ کارروائیوں کی علامت، کھجور کے 3 پتوں، خرم شہر گرینڈ مسجد کے گنبد اور اسلامی جمہوریہ ایران کے جھنڈے پر مشتمل ہے۔
یاد رہے کہ نشانِ فتح دیے جانے کا آغاز 1980ء کی دہائی کی ایران عراق جنگ کے بعد ہوا اور اب تک یہ اعزاز چند ہی لوگوں کو دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے پیر کے روز اسرائیل پر 190 بیلسٹک میزائل فائر کیے تھے اور اس حوالے سے ایران کے پاسداران انقلاب کا دعویٰ تھا کہ 90 فیصد میزائلوں نے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔