مصنّف: محمّد حنیف شیوانی
صفحات: 240، قیمت: 2000 روپے
ڈاکٹر محمّد حنیف شیوانی کا تعلق کراچی سے ہے۔ موصوف ایک ماہر جنرل سرجن ہیں اور زمانۂ طالبِ علمی میں ایک اچھے مقرّر بھی رہے۔ 2021ء میں اُن کے مختصر مضامین پر مشتمل کتاب’’میم میم مضامین‘‘ شائع ہوئی، جسے ایک منفرد کتاب قرار دیا گیا۔ مصنّف کے ایک ہاتھ میں نشتر ہے اور دوسرے ہاتھ میں قلم اور جب چاہیں قلم کو نشتر بنالیتے ہیں۔
محمّد حنیف شیوانی کی جو کتاب ہمارے سامنے ہے، وہ بھی طنز و مزاح پر مشتمل ہے اور پھر جسے ڈاکٹر معین الدّین عقیل، حسین مجروح، ڈاکٹر اشفاق احمد ورک، ڈاکٹر نجیب جمال، ڈاکٹر شاہد اشرف اور احمد حاطب صدیقی نے سندِ اعتبار عطا کی ہو، وہ کتاب یقیناً ادبی دنیا سے پذیرائی ہی حاصل کرے گی۔ زیرِ نظر کتاب میں 45مضامین ہیں اور ہر مضمون اپنا ایک جداگانہ آہنگ رکھتا ہے۔ ڈاکٹر حنیف شیوانی نے طبیعت میں جو شگفتگی پائی ہے، اُس کی جھلک اُن کی ہر تحریر سے عیاں ہے۔
گویا اُن کا نام مزاح نگاروں کی فہرست میں ایک خوش گوار اضافہ ہے۔دراصل وہ زندگی کی ناہم واریوں کو ایک معالج کی نظر سے دیکھتے ہیں اور مثبت اقدار کا فروغ چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر شاہد اشرف کی یہ رائے ہماری نگاہ میں بہت اہم ہے کہ’’پاکستان کے سماجی، مذہبی اور ثقافتی بگاڑ نے زندگی اجیرن کردی ہے۔ ضرورت اِس بات کی ہے کہ ایسے ادیب سامنے آئیں، جو نامساعد حالات کے ضمن میں طنز ومزاح کو ذریعۂ اظہار بنائیں تاکہ انفرادی و اجتماعی اصلاح کی کوشش کی جائے۔‘‘