مولف: خلیل احمد رانا
صفحات: 264، ہدیہ: ایصالِ ثواب اُمّتِ رسول اللہ ؐ
ناشر: دارالفیض گنج بخش، 55۔ حکیم محمّد موسیٰ امرتسری روڈ، گوال منڈی، لاہور۔
فون نمبر: 4009874-0300
خلیل احمد رانا تذکرہ نگار بھی ہیں اور سوانح نگار بھی۔ اِن حوالوں سے اُن کی کئی کتابیں منظرِعام پر آچُکی ہیں۔ وہ تذکرہ نگاری میں منفرد اسلوب کے حامل ہیں اور زیرِ نظر کتاب بیس اہم علمی و ادبی اور روحانی شخصیات کے تذکروں پر مشتمل ہے، جس کے دیباچے میں ڈاکٹر محمّد سہیل شفیق نے تحریر کیا ہے کہ’’ اِس تذکرے کی اہم بات یہ ہے کہ اِس میں مختلف شخصیات کے بعض ایسے پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے، جو اِس سے قبل پردۂ اخفا میں تھے۔
مختلف شخصیات کے یہ تذکرے، بڑی حد تک جامع اور مستند ہیں، بلاشبہ یہ تذکرے مستقبل میں ان شخصیات کا اہم ماخذ ثابت ہوں گے۔‘‘ زیرِ نظر کتاب میں جن علمی، ادبی اور دینی شخصیات کا تذکرہ شامل ہے، اُن میں امجد حیدر آبادی، پروفیسر الیاس برنی، اطہر پاپوڑی، ڈاکٹر اشتیاق حسین قریشی، مولانا حسرت موہانی، رحمت اللہ کیرانوی، صابر براری، ڈاکٹر مہر عبدالحق، مولوی فرید احمد شہید، ڈاکٹر مختار الدین احمد، محسن کاکوری، مفتی سیّد مسعود علی قادری، ناصر سہارن پوری، سیّد ہلال جعفری، مولانا میر سیّد دائم علی عظیم آبادی ثم ٹونکی، حاجی کفایت علی بریلوی،مولانا سیّد ایّوب علی رضوی، مولانا محمود جان رضوی جودھ پوری اور مولانا کریم اللہ پنجابی کے اسمائے گرامی نمایاں ہیں۔