کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ناکامی ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری اور جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے سوال اُٹھایا کہ یہ کس قسم کی حکومت ہے جو عام شہریوں، ہمارے غیر ممالک کے مہمانوں کی حفاظت کرنے میں ناکام رہتی ہے - انہو ں نے کہا اور تو اور حکومت وقت اسٹریٹ کرائم اور ڈاکو راج پر بھی کنٹرول نہیں کر سکتی ۔ اربوں ڈالر امن و امان کی مد میں ہڑپ کرنے کے باوجود اور شہنشاہی پروٹوکول کے مزے لیکر بھی آج عام آدمی کی جان و مال محفوظ نہی ۔انھوں نے چینی باشندوں کی ہلاکت اور شہریوں کی شہید اور زخمی ہونے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقع کی اعلی سطحی تحقیقات کرکے دھماکے میں ملوث دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور زخمیوں کو سرکاری خرچے پر علاج معالجے کی سہولیات دی جائیں ، سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ ملک کے دشمن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں جو نہیں چاہتے کہ ملک معاشی طور پر ترقی کرے ، چینی باشندوں کو ٹارگیٹ کرنے کا مقصد غیر ملکی اور ملکی منصوبوں کو سبوتاژ کرنا ہے۔