وزیراعظم شہباز شریف نے کل جماعتی کانفرنس اور جمہوری استحکام سے متعلق کردار پر صدر مملکت آصف علی زرداری کی تعریف کی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے حکومتی اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے وفد نے ملاقات کی۔
پی پی وفد میں نوید قمر، شرجیل میمن شامل تھے جبکہ ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور عطا تارڑ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم اور پی پی وفد میں ہونے والی ملاقات میں اہم قومی اور سیاسی امور پر گفتگو کی گئی۔ اس دوران اہل فلسطین کی پاکستان کی جانب سے امداد کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف نے گزشتہ روز کی اے پی سی اور جمہوریت کے استحکام میں صدر آصف زرداری کے کردار کی تعریف کی۔
دوران گفتگو اے پی سی میں تمام سیاسی پارٹیوں کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اسرائیلی ظلم و بربریت کے شکار نہتے فلسطینیوں کی مدد کےلیے پوری قوم متحد ہے۔