بنگلا دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے عام انتخابات کے لیے مقررہ وقت دینے سے انکار کر دیا۔
بنگلا دیشی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد یونس نے ملک میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم میں سے کوئی بھی طویل عرصے تک حکومت میں نہیں رہنا چاہتا، ملک میں اصلاحات ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ کہتے ہیں کہ الیکشن کرائیں تو ہم تیار ہیں لیکن اصلاحات سے قبل الیکشن کرانا غلط فیصلہ ہو گا۔
محمد یونس کا کہنا ہے کہ ہمیں ورثے میں ایک مکمل تباہ حال سسٹم ملا جسے مستقبل میں آمریت کی طرف واپسی سے بچانے کے لیے جامع تبدیلی کی ضرورت ہے۔
بنگلا دیشی کے عبوری حکومت کے سربراہ نے کہا کہ اصلاحات کا مطلب ہے کہ ہم ماضی میں جو ہوا اسے دہرانے نہیں دیں گے۔
محمد یونس نے یہ بھی واضح کیا کہ گرفتار افراد کے خلاف کسی بھی قسم کے فوجداری ٹرائل میں حکومتی مداخلت شامل نہیں ہو گی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عدالتی نظام میں ایک دفعہ اصلاحات ہونے کے بعد یہ بات واضح ہو گی کہ کس کا ٹرائل کرنا ہے اور اس کا طریقہ کار کیا ہو گا۔