بنگلادیش کی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (SAARC) کو بھارت اور پاکستان کے درمیان مسائل کے باوجود فعال کیا جا سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ انٹرویو میں ڈاکٹر محمد یونس نے سارک کو فعال بنانے میں پاک بھارت تعلقات کے کردار پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اسے ہمیشہ برقرار رکھا جائے بلکہ اسے حل کیا جا سکتا ہے۔
بنگلا دیشی عبوری سربراہ نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ سارک اور پاک بھارت مسئلہ ایک ساتھ آگے بڑھے بلکہ ہم کوشش کر سکتے ہیں کہ مسائل کا حل نکالیں تاکہ سارک کو بھرپور انداز میں فعال کیا جا سکے۔
انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ کچھ معاملات کو معطل رکھ سکتا ہے، لیکن اس کے باوجود آگے بڑھ سکتا ہے، یہ ایک اہم پالیسی ہو گی جس پر میں عمل کروں گا۔
محمد یونس نے یہ بھی کہا کہ SAARC کی ترقی کو بھارت اور پاکستان کے تعلقات کی پیچیدگیوں کے باوجود آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔