تحریکِ آزادی کشمیر کے پابند سلاسل رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی نگرانی میں جعلی انتخابات کروائے گئے۔
مشعال ملک نے اسلام آباد ہائی کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وکلاء کشمیریوں کی بھی وکالت کریں۔
اُنہوں نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انتخابات پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ڈپلومیٹ کا مینڈیٹ نہیں ہوتا کہ الیکشن کو بطور آبزرور مانیٹر کرے، کورونا میں بھی وہاں لوگوں کو ’را‘ کا فنڈڈ ٹور کروایا گیا تھا۔
مشعال ملک نے سوال اُٹھایا کہ یہ دنیا کے کون سے الیکشن ہیں جہاں کشمیری نہیں بھارتی ووٹرز ہیں؟ بھارتی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر میں مساوی حقوق دلوائے گئے، مقبوضہ کشمیر میں 50 لاکھ بھارتی گھوسٹ ووٹرز نے ووٹ ڈالا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے تمام سیاسی قیدیوں کو فوری رہا کیا جائے، بھارت نے کشمیری عوام کے حقیقی نمائندوں کو جیلوں میں بند کر رکھا ہے۔
مشعال ملک نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صدارتی آرڈر کے تحت لوگوں کو یرغمال بنایا گیا ہے۔