• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی کے شمال اور شمال مشرقی علاقوں میں مقامی سطح پر بادلوں کی تشکیل ہوئی ہے جس کے بعد اورنگی ٹاؤن میں بارش ہوئی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق حب کے قریب شہر کے شمال مشرق میں گرج چمک کے بادلوں کی تشکیل کے باعث گڈاپ، منگھو پیر اور نارتھ کراچی میں کچھ دیر میں آندھی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے سائیکلون الرٹ سینٹر کا کہنا ہے کہ سپر ہائی وے، ڈی ایچ اے سٹی، سرجانی ٹاؤن، گڈاپ، اسکیم 33، ملیر، بن قاسم میں بھی آندھی کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی بحیرۂ عرب پر موجود ہوا کا کم دباؤ ہے، جو کراچی کے جنوب مشرق میں تقریباً 1000 کلو میٹر پر محیط ہے۔

سازگار موسمیاتی حالات کے باعث آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران یہ سسٹم ڈپریشن بن سکتا ہے، یہ سسٹم شمال مغرب کی طرف بڑھے گا۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ پاکستان کے ساحلی علاقے کو اس سسٹم سے کوئی خطرہ نہیں، سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی سسٹم کی نگرانی کر رہا ہے۔

ہوا کا کم دباؤ طوفان بن سکتا ہے: چیف میٹرولوجسٹ

اس سے قبل چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کے دوران پیش گوئی کی تھی کہ کراچی میں آج بھی کہیں کہیں ہلکی بارش اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بارشوں سے کراچی میں درجۂ حرارت پر زیادہ فرق نہیں پڑے گا، آج بھی کراچی میں درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ کراچی میں 20 اکتوبر کے بعد امکان ہے کہ درجۂ حرارت میں کمی ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ شمالی علاقہ جات میں رات کا درجۂ حرارت سنگل ڈیجیٹ میں پہنچ گیا ہے۔

سردار سرفراز نے کہا کہ بحیرۂ عرب کے جنوب مشرق میں ہوا کا کم دباؤ بن چکا ہے، آئندہ ایک سے دو روز کے دوران ہوا کا یہ کم دباؤ شدت اختیار کر کے ڈپریشن بن سکتا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سازگار ماحول ملنے پر ڈپریشن سمندری طوفان بن سکتا ہے، مون سون کے بعد بننے والے سمندری طوفانوں کا زیادہ تر رخ عمان کی جانب رہتا ہے، پاکستان کی ساحلی پٹی کو فی الحال اس سسٹم سے کوئی خطرہ نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے کچھ علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش ہوئی تھی۔

قومی خبریں سے مزید